ایبٹ آباد (نمائندہ جنگ)ایبٹ آباد کے علاقہ تحصیل حویلیاں کے گاؤں ملکاں میں بدبخت بیٹے نے دوستوں سے مل کر اپنے حقیقی باپ اور سوتیلی ماں کو کنویں میں پھینک کر انکی زندگیوں کا خاتمہ کر دیا ۔تحصیل حویلیاں تھانہ رجوعیہ کی حدود گائوں ملکاں میں ناحلف بیٹے نے جائیداد کی تقسیم پر چار ماہ قبل 12 اگست کو اپنے 70 سالہ بزرگ باپ امام شاہ اور سوتیلی ماں جویریہ کو دوستوں کے ہمراہ زندہ ویران کنویں میں پھینک کر تھانہ میں گمشدگی کی درخواست دی ۔پولیس نے دریافت کے بعد اغواء کا مقدمہ درج کر کے مزید دریافت کا سلسلہ بڑھاتے ہوئے بیٹے قربان علی شاہ کو شک کی بنا پر حراست میں لیکر تفتیش کی تو ملزم نے انکشاف کیا کہ دونوں کو کنویں میں پھینک دیا ہے ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ نعشیں کنویں سے برآمد کرکے پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی ہیں اور ملزم کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش اور دوستوں کی گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کر دی۔