سٹاک مارکیٹ میں ریکوری، میوچل فنڈز کی خریداری نے سپورٹ دی

14 نومبر ، 2024

لاہور (سودی) گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں دن بھر کے اتار چڑھائو کے بعد کاروبار کا اختتام تیزی پر ہوا۔ آخر میں بیشتر کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ تھا جبکہ انڈیکس اور مجموعی مالیت بھی بڑھ گئی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا پھر مندا بھی آیا اور آخر میں ریکوری بھی۔ اس دوران انڈیکس میں 579پوائنٹ کا اضافہ بھی ہوا اور 282پوائنٹ کی کمی بھی۔ ایک روز قبل کے مقابلہ میں کاروباری حجم بھی زیادہ تھا زیادہ سرگرمی فارما اور گیس سیکٹر میں رہی۔ تیزی کے دوران متعدد مرتبہ سیل کا پریشر بھی آیا اور پرافٹ ٹیکنگ بھی مگر ساتھ ساتھ جذب ہوتے رہے گزشتہ روز سب سے زیادہ سیلنگ کمپنیوں، بینکوں اور بیرونی اداروں کی طرف سے آئی جبکہ خریداری کر کے سپورٹ میوچل فنڈز، انشورنس کمپنیوں اور نجی سرمایہ کاروں نے دی اسی طرح بعض مارکیٹ پلیئرز کی طرف سے خریداری کی نئی پوزیشن لینا اور کچھ کمپنیوں کی طرف سے اہم مثبت اعلانات آنے کی امید نے بھی سپورٹ دی جبکہ اس کے برعکس منفی خبروں میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات سے متعلق متضاد خبریں آنا شامل تھے۔ کاروبار کے اختتام پر مارکیٹ انڈیکس 131پوائنٹ اضافہ سے 93355پر آگیا۔ 196کمپنیوں میں اضافہ 190میں کمی اور 63میں استحکام رہا۔ 80کروڑ 70لاکھ حصص کا کاروبار ہوا۔