PIAکا 10سال سے آڈٹ نہ کرائے جانے کا انکشاف

14 نومبر ، 2024

اسلام آباد ( آن لائن ) قومی اسمبلی کی ہوابازی کمیٹی کو بتایا گیا کہ برطانیہ سمیت یورپی ممالک کیلئے پی آئی اےکافلائٹ آپریشن جلد بحال ہوجائے گا ‘پی آئی اے کے سی ای اوایئروائس مارشل محمد عامر حیات نے انکشاف کیا کہ 10 سالوں سے پی آئی اے کا آڈٹ نہیں ہوا ہے جس کی وجہ سے ادارے کی حالت ناگفتہ بہ ہوگئی ہے‘ کمیٹی نے پائلٹ لائسنس کے معاملے پر اگلے اجلا س میں ان کیمرہ بریفنگ دینے کی ہدایت کردی۔ رکن کمیٹی رمیش لال نے کہاکہ برطانیہ میں پی آئی اے کا آپریشن 2020سے بند ہے‘وہاں جو ملازمین موجود ہیں اْن پر کتنا خرچا ہورہا ہےجس پر سیکرٹری ہوابازی نے بتایا کہ پی آئی اے کی نجکاری کی وجہ سے ٹرانسفر، تنخواہوں میں اضافہ سمیت تمام تر معاملات روکے ہوئے ہیں‘بیرون ممالک 76ملازم موجود ہیںجس میں 26ملازمین کو واپس بلا رہے ہیں جبکہ باقی رہ جانے والے پچاس ملازمین ایسی جگہ تعینات ہیں جہاں آپریشنز فعال ہے۔