خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،16دہشتگرد ہلاک

14 نومبر ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں ،16دہشتگرد ہلاک ہو گئے ، سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 8 خارجیوں کو ہلاک کردیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن کے دوران 6 خوارجی زخمی بھی ہوئے۔ادھر مالاکنڈ کے علاقے پلئی شاہ کوٹ میں سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں میں جھڑپ کے دوران 4 دہشتگرد مارے گئے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشتگرد گروپ قتل وغارت گری اور بھتے کی بیشتر وارداتوں میں مطلوب تھا۔ بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بالگتر میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 4 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا،آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ تبادلے میں 4 دہشتگرد مارے گئےجن میں انتہائی مطلوب سرغنہ ثنا عرف بارو بھی شامل ہے۔صدر آصف زرداری، وزیر داخلہ محسن نقوی اور سپیکر ایاز صادق نے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا پوری قوم بلوچستان کے امن و استحکام کیلئے سکیورٹی فورسز کی خدمات کو سراہتی ہے۔