گیس تقسیم کے قومی نیٹ ورک میں لائن پریشر 5 بی سی ایف سے بڑھ گیا

14 نومبر ، 2024

اسلام آباد(خالد مصطفیٰ ) بدھ کے روز ملک کے قومی گیس تقسیم کے نیٹ ورک میں لائن پریشر 5 ارب کیوبک فٹ (بی سی ایف) سے بڑھ کر خطرناک حد تک پہنچ گیا، جس سے پورا نظام خطرے میں پڑ گیا ہے۔ اگر مین پائپ لائن دباؤ کی وجہ سے پھٹ جائے تو اس سے گیس کی فراہمی کا بے مثال بحران پیدا ہو سکتا ہے۔ موجودہ نومبر 2024 کے مہینے میں، لائن پریشر 5.097 بی سی ایف کی خطرناک حد تک پہنچ گیا ہے، جبکہ پاور سیکٹر نے پاور جنریشن کے لیے RLNG کی کھپت کو کم کر کے 286 ایم ایم سی ایف کر دیا ہے، حالانکہ حکومت نے قطر کے ساتھ RLNG کی فراہمی کے لیے دو طویل مدتی معاہدے کیے ہیں۔موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی بجلی کی طلب میں کمی کے باعث پاور پلانٹس کی RLNG پر مبنی پیداوار میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق ای اینڈ پی کمپنیاں کہتی ہیں کہ بعض اوقات گیس کنویں اگر اختتامی مراحل میں ہوں اور ان سے گیس کے بہاؤ کو کم کیا جائے تو اس سے ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے اور کنویں اپنی اصل بہاؤ کی سطح پر واپس نہیں آ سکتے۔