CDAکی نئی بحالیات پالیسی ،متاثرین اراضی کو پلاٹ نہ دینے کا فیصلہ

14 نومبر ، 2024

اسلام آباد( رانا غلام قادر)سی ڈی اے بورڈ نے نئی بحالیاتی ریگولیشن (Rehabilitation Regulations) 2024 کی بھی منظوری دی ہے۔ جس کے تحت ایکوائر شدہ زمین اور مکانات کے بدلے صرف مالی معاوضہ دیا جائے گا۔ اس سے قبل متاثرین کو معاوضہ کے ساتھ ساتھ رہائشی پلاٹ بھی دیاجاتا تھا۔ یہ منظوری گزشتہ روز چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیرصدارت سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں دی گئی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا۔ ڈائریکٹوریٹ آف ایمرجنسی اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور 1122 کئیرز کو ڈائریکٹر جنرل کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے ماتحت کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کے شعبے میں ماہر افرادی قوت کو کنٹریکٹ پر بھرتی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے میں ملازمت کرنے والے تمام افسران اور ملازمین کی ترقی کے عمل کو تیز کیا جائے جو افسران اور ملازمین ترقی کے معیار پر پورا اترتے ہیں انکے ترقی کے عمل کو تیز کیا جائے۔سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور سروسز کی حفاظت کے لئے سائبر سیکورٹی فرم کی خدمات رننگ کنٹریکٹ کے تحت حاصل کی جائیں گی اور آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ کو تیکنیکی طور پر مضبوط کرنے کے لئے مزید پروفیشنلز بھی بھرتی کئے جائیں گے۔