طالبان حکومت نے ممبئی کے سفارتی مشن میں پہلا قونصلر تعینات کردیا

14 نومبر ، 2024

اسلام آباد (فاروق اقدس/جائزہ رپورٹ) ایک طرف تو دنیا بھر کی حکومتیں افغانستان میں قائم ہونے والی طالبان حکومت کو تسلیم کرنے اور ان سے سفارتی راہ و رسم بڑھانے سے گریزاں ہیں تو ایسے میں بھارت طالبان سے اپنے رابطوں اور ملاقاتوں میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے اور اب اس حوالے سے ایک اہم پیشرفت دیکھنے میں یہ آئی ہے کہ طالبان حکومت نے بھارت کے اہم شہر ممبئی کے سفارتی مشن میں اکرام الدین کامل کو اپنا قونصلر مقرر کر دیا ہے۔ ترجمان بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا کہ افغان کمیونٹی کی بڑی تعداد کے پیش نظر قونصلر خدمات کی ضرورت تھی۔ اکرام الدین کامل نے بھارتی حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی سکالرشپ پر سات برس تک بھارت میں ہی تعلیم حاصل کی تھی اور اب وہ ممبئی کے قونصل خانے میں ایک ’’سفارتکار‘‘ کے طور پر کام کریں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ بھارت کے افغان مشن میں کسی قونصلر کی تعیناتی ہوئی۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ان ملاقاتوں اور رابطوں کو افغان حکام کے ساتھ ’’ افرادی قوت کی مدد‘‘ کے مقاصد قرار دیا تھا۔