پنجاب اسمبلی، فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے کیخلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور

14 نومبر ، 2024

لاہور(نمائندہ خصوصی)پنجاب اسمبلی میں لندن میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسی ٰکی گاڑی پر حملہ کے خلاف قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی گئی، حکومتی رکن احسن رضا نے قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملہ کے خلاف ایوان میں قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حملہ قاضی فائز عیسیٰ پر نہیں پورے پاکستان پر کیاگیا۔ فائز عیسیٰ پر حملہ کی منصوبہ بندی کرکے ایک سیاسی جماعت نے انتشار پسندی کی، ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ زرعی انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024ءدو ماہ کی بجائے 48گھنٹے میں ہی رپورٹ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پیش کردی گئی، آج جمعرات کو منظور کئے جانے کا امکان ہے۔ایوان میں کسان کارڈ پر رشوت وصول کرنے کا حکومتی رکن نے انکشاف کیا۔ اجلاس سپیکر ملک محمد احمد خان کی زیرصدارت شروع ہوا۔ نقطہ اعتراض پر گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن رکن اعجاز شفیع کا کہنا تھا کہ پورا پنجاب سموگ کی لپیٹ میں ہے،ایوان کی کارروائی معطل کرکے صوبہ میں سموگ ایمرجنسی کااعلان کریں۔ پارلیمانی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن سموگ کے معاملے پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کررہی ہے۔اپوزیشن رکن رانا شہباز نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کا خیال کریں تشدد کرکے چوکی میں بند کیا گیا، اپوزیشن رکن احمد خان بھچر کی گرفتاری کے خلاف اپوزیشن نے ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔