ٹین بلین ٹری سونامی ، 49کروڑ 40لاکھ پودے نہیں اگائےجاسکے ، اسپیشل آڈٹ

14 نومبر ، 2024

اسلام آباد(رپورٹ ، تنویر ہاشمی ) ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت پودے لگانے کا ہدف حاصل نہیں کیاگیااورطے شدہ ہدف کے تحت 49کروڑ40لاکھ پودے نہیں اگائے جاسکے ، 2019سے 2022کے دوران اس پروگرام کےتحت مجموعی طور پر دو ارب33کروڑ 23لاکھ30ہزار پودے لگائے جانے تھے لیکن یہ ہدف حاصل نہیں کیا جاسکا اور ایک ارب83 کروڑ85لاکھ90ہزار پودے لگائے گئے، ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کی سپیشل آڈٹ رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ، پنجاب ، آزاد کشمیر اور وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں شجر کاری کی جانی تھی اور اس کےلیے مجموعی طور پر 109ارب 38کروڑر وپے کی رقم مختص کی گئی ،اس پروگرام کےلیے وفاقی حکومت ، صوبائی حکومت اور پلاننگ کمیشن کی جانب سے سالانہ بنیاد پر فنڈ جاری کیے گئے ، وزارت منصوبہ بندی نے جنگلات کی مد میں اس پروگرام کےلیے سال 2019سے2022کے دوران 34ارب41 کروڑ30لاکھ کے فنڈز جاری کیے ، جبکہ مجموعی طور پر 83ارب52کروڑ50لاکھ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے تھے۔