دوران سروس انتقال کرنیوالے سرکاری ملازمین کے بچوں یا اہلیہ کیلئے ملازمت کی سہولت واپس

14 نومبر ، 2024

اسلام آ باد (رانا غلام قادر ) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سپر یم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآ مد کرتے ہوئے دوران سروس انتقال کرنے والے سر کاری ملازمین کے بچے یا بچی یا اہلیہ کو ملازمت دینے کی سہولت وزیر اعظم پیکج سے واپس لینے کیلئے وزیر اعظم آفس کو ضروری کارروائی کی سفارش کردی ۔ وزیر اعظم آفس نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو لکھے گئے مراسلے میں سپر یم کورٹ کے فیصلہ کے بارے میں وضاحت مانگی تھی ، وزیر اعظم آفس نے استفسار کیا تھا کہ کیا سپر یم کو رٹ کی حالیہ ہدایت کے بعد وزیر اعظم اسسٹنس پیکج ( PMAP) واپس ہوگیا ہے ؟؟۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جواب دیا کہ نہیں وزیر اعظم پیکج واپس نہیں ہوا،سپریم کورٹ نے 18اکتوبر2024کے فیصلے میں خاص طور پر ہدایت کی کہ وزیر اعظم اسسٹنس پیکج سے ملازمت دینے کی شق نکال دی جا ئے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وضاحت کی ہے کہ سپر یم کورٹ نے اپنے فیصلے میں وزیر اعظم اسسٹنس پیکج سے متوفی کے اہل خانہ میں سے کسی فرد کو ملازمت دینے کی شق نکالنے کی ہدایت کی ہے،سپریم کورٹ نے اپنےفیصلے میں اشتہار ‘ مسا بقتی عمل اور میرٹ کے بغیر کسی متوفی یا معذور سول سرونٹس کے خاوند یا اہلیہ یا بیٹی یا بیٹے کو ملازمت دینے کے عمل کو امتیازی قرار دیا ہے۔