مقدمات سیاسی نہیں پروفیشنل انداز میں چلایا کریں، جسٹس جمال مندوخیل لطیف کھوسہ پر برہم

14 نومبر ، 2024

اسلام آباد(جنگ رپورٹر) سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کے ایم پی اے امتیاز شیخ کی9مئی کی دہشتگردی ،آگ لگانے اور توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو دو لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ، مقدمہ کی سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے لطیف کھوسہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات سیاسی نہیں پروفیشنل انداز میں چلایا کریں، جسٹس جمال خان مندو خیل کی سربراہی میں جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس شہزاد ملک پر مشتمل تین رکنی بینچ نے بدھ کے روز 9اور 10 مئی کے مقدمات میں ملوث ملزم امتیاز شیخ کی د رخو است کی سماعت کی ، دوران سماعت عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا۔ جسٹس جمال خان مندو خیل نے ریمارکس دیئے ہائیکورٹ نے درخواست ضمانت خارج کی یا ٹرائل کا ہی فیصلہ سنا دیا؟ جسٹس جمال خان مندو خیل نے استفسار کیا کہ آپ نے ضمنی کی کاپی ریکارڈ کا حصہ کیوں نہیں بنایا ؟جس پر فاضل وکیل نے موقف اپنایا کہ اس کی نقل کل ملی ہے، پولیس دے ہی نہیں رہی تھی ،جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے یہ بہت بڑا واقعہ ہے، سوچ کر ہی دل کو کچھ ہوتا ہے،فاضل وکیل نے موقف اپنایا جناح ہائوس حملہ کیس میں پہلے ہی ضمانت ہوچکی ، یہ کوئی اور کیس ڈال دیا گیا ، جسٹس جمال مندو خیل نے کہاکہ کھوسہ صاحب آپ نے اہم ترین دستاویز ریکارڈ کا حصہ نہیں بنائیں، آپ لوگ اپنے مقدمات سیاسی نہیں پروفیشنل انداز میں چلایا کریں۔