شاید آپ کو معلوم نہیں نادرا کے بانی سربراہ بھی فوجی تھے چیئرمین نادراکا صحافی کو جواب

14 نومبر ، 2024

اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین نادراکا اپنی تعیناتی کے معاملے پر صحافی سے دلچسپ مکالمہ ہوا ہے‘ صحافی کے سخت سوالات کے جواب میں لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے بس اتنا کہنے پر اکتفا کیا ہے کہ شاید آپ کو معلوم نہیں نادرا کے بانی سربراہ بھی فوجی تھے۔ گزشتہ روز پارلیمنٹ لاجز میں چیئرمیں نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو صحافیوں نے گھیر لیا، ایک صحافی نے چیئرمین نادراسے سول کیا کہ کیا ان کی بطور چیئرمین نادرا تقرری غیرقانونی تھی؟چیئرمین نادرا نے صحافی کو جواب دیا کہ وہ لاہور ہائیکورٹ سے رابطہ کریں، صحافی نے سوال کیا کہ وہ پڑھے لکھے ہیں، کیا ان کو چیئرمین نادرا کا عہدہ غیرقانونی طریقے سے لینا چاہیے تھا؟ چیئرمین نادرا نے پھر جواب دیا کہ وہ لاہور ہائیکورٹ جائیں ۔ صحافی نے کہا کہ منیب چیمہ کی غیر قانونی تعیناتی پر بھی سوال اٹھا ہے‘چیئرمین نادرا نے کہا کہ آڈیٹر جنرل سے جا کر پوچھیں، صحافی نے کہا کہ آپ اپنی غیرقانونی تعیناتی پر کیا کہیں گے؟، چیئرمین نادرا نے کہا کہ میں نے پہلے بھی کہا کہ آپ ایسے مت پوچھیں، لاہور ہائیکورٹ جائیں۔صحافی نے سوال کیا کہ کیا حاضر ڈیوٹی جنرل کو کسی سویلین ادارے کا سربراہ بننا زیب دیتا ہے ؟ پہلے ہی فوج پر بہت زیادہ تنقید ہو رہی ہے، چیئرمین نادرا نے کہا کہ آپ کو شاید معلوم نہیں نادرا کے بانی چیئرمین بھی فوجی افسر تھے۔