24 نومبر کے احتجاج کا مقصد آئین و قانون کی بالادستی ،عمر ایوب

14 نومبر ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی ،عمر ایوب نے کہا ہے کہ سیکریٹری جنرل کی سیٹ عمران خان سے مشورے کے بعد چھوڑی تھی وجہ یہ ہے کہ میرا95 فیصد وقت عدالتوں میں لگ رہا ہے، 24 نومبر کے احتجاج کا مقصد یہ ہے کہ پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی ہونی چاہئے محمود خان اچکزئی کو اتھارٹی دی ہوئی ہے وہ کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ بات چیت کرسکتے ہیں ، احتجاج کا مقصد بانی اور کارکنوں کی رہائی ہے۔ عدالتی ہدایت کے باوجود ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں ہونے دی گئی۔ انہو ں نے پکڑ کر گھسیٹنا شروع کیا ، میں نے پولیس اہلکار کو کہا کہ آپ بہت غلط اور غیر قانونی حرکت کررہے ہیں۔ اس نے کہا ہمیں معلوم ہے ہمیں اوپر والوں کااور حکومت کاآرڈر ہے۔ ایک گھنٹے بعد انہوں نے ہمیں پھر زور سے دھکیل کرنکالا ،پولیس کے خلاف پٹیشن دائر کی، اسپیکر کو بھی بتایا گیا ہے ۔ میرے خلاف100 سے زائد مقدمات درج ہیں سنچری ہوگئی ہے۔