پاکستان ڈسکوز کی نجکاری سے پہلے ان کی مضبوطی کے لیے اے ڈی بی کی معاونت کا خواہاں

14 نومبر ، 2024

اسلام آباد( اسرار خان) وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے نجکاری سے پہلے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) کی آپریشنل صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ترقیاتی شراکت داروں سے سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔یہ بات انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس کی قیادت کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کی۔ اس ملاقات میں پاکستان کے توانائی سیکٹر میں تعاون جاری رکھنے پر بات چیت ہوئی۔لغاری نے کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری سے پہلے ان کی کارکردگی اور مالی استحکام کو بہتر بنانے کے لیے خاطر خواہ سرمایہ کاری ضروری ہے۔ "ڈسکوز کی نجکاری سے قبل ان کی آپریشنل صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے ترقیاتی شراکت داروں سے سرمایہ کاری درکار ہے۔" فین نے اس بات پر زور دیا کہ اے ڈی بی پاکستان کے توانائی کے شعبے کی صلاحیت بڑھانے کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر کام کر رہا ہے، جس میں پالیسی رہنمائی پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔