لیاقت بلوچ کی آفتاب شیرپاؤ سے ملاقات،دہشتگردی واقعات پر تبادلہ خیال

14 نومبر ، 2024

اسلام آباد( نیوز رپورٹر)نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلس قائمہ سیاسی قومی اُمور کے صدر لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں قومی وطن پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ و سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا آفتاب احمد خان شیرپاؤ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی حالات، خیبرپختونخوا، بلوچستان میں مسلسل دہشت گردی کے واقعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔عوام کی جان و مال اورعزت کے عدم تحفظ پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔لیاقت بلوچ اور آفتاب شیرپاؤ نے اِس امر پر اتفاق کیا کہ سیاسی جماعتوں کے قائدین کو قومی ترجیحات کے اہم ترین کم از کم قومی ایجنڈا پر متفق ہوکر آئین، جمہوریت، انتخابات اور بنیادی حقوق کی حفاظت کا قومی فرض ادا کرنا ہوگا۔لیاقت بلوچ نے کہا مذہبی ہم آہنگی، وحدت و یکجہتی کے لیے ملی یکجہتی کونسل کو کلیدی کردار ادا کرنا ہے۔