عراق میں 50ہزار پاکستانیوں کے غیر قانونی طور رہائش پذیرہونیکا انکشاف

14 نومبر ، 2024

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے سمندر پار پاکستانیز کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر ذیشان خانزادہ کی زیر صدارت ہوا جس میں متحدہ عرب امارات اور عراق میں پاکستانیوں کو درپیش مسائل اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے ویزا پابندیوں کا معاملہ زیر غور آیا ،ارکان کمیٹی کو بتایا گیا کہ بین الاقوامی میڈیا میں متحدہ عرب امارات کے مسئلے پر غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی گئی ہے جس کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا، رکن کمیٹی سینیٹر ضمیر حسین گھمرو نے کہا کہ عراق میں پاکستانی شہریوں کو تین سے چار سو ڈالر میں نوکریوں پر رکھا جاتا ہے،سینیٹر راجہ ناصر عباس نے کہا کہ عراق میں پاکستانی شہریوں پر تشدد اور پاسپورٹ ضبط کیا جاتا ہے، وزارت خارجہ امور کے حکام نے بتایا کہ 40 سے پچاس ہزار پاکستانی غیر قانونی طور پر عراق میں رہائش پزیر ہے،صرف 8 ہزار پاکستانی عراق میں قانونی طور پر کام کررہے ہیں۔بیورو آف امیگریشن کے حکام نے بتایا کہ قانونی طور پر عراق میں کام کرنے والوں کو مسائل نہیں ہیں ، چیئرمین کمیٹی سینیٹر ذیشان خانزادہ نے وزارت اوورسیز کو ہدایت کی کہ وہ وزارت مذہبی امور اور وزارت امور خارجہ کے حکام کے ساتھ مل کر اس معاملہ کو حل کریں۔