:PB-8 سردار کوہیار ڈومکی کامیاب، وزیر اعلیٰ کا پیغام تہنیت

19 نومبر ، 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر/خ ن )صوبائی الیکشن کمیشن بلوچستان نے حلقہ پی بی 8 سبی پر ہونے والے ضمنی انتخاب کا فارم 47 جاری کردیا ، حلقے سے سردار کوہیار خان ڈومکی نے کامیابی حاصل کی ، ضمنی انتخابات کے لئے پولنگ سٹیشنوں کی کل تعداد 124 تھی جبکہ حلقے میں مرد ووٹروں کی کل تعداد 64223 جبکہ خواتین کی تعداد 51938 جبکہ کل ووٹرز کی تعداد 116161 تھی 32453 مرد اور 18514 خواتین ووٹرز نے ووٹ کاسٹ کیے ، درست ووٹوں کی تعداد 50434 ، خارج ووٹوں کی تعداد 533 تھی جبکہ ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد کی شرح 43 فیصد رہی ، ضمنی انتخابات میں کل 22 امیدواروں نے حصہ لیا حلقے سے سردار کوہیار خان ڈومکی 35716 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ۔ درایں اثناء وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے سردار کوہیار خان ڈومکی کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی کامیابی صدر آصف علی زرداری اور چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی بلوچستان دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ اپنے ایک تہنیتی پیغام میں وزیر اعلٰی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار کوہیار خان ڈومکی کی کامیابی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان کو پورا کریں گے۔ اور بلوچستان کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پیپلزپارٹی حسب سابق اپنا کردار ادا کرے گی وزیر اعلٰی نے امید ظاہر کی کہ سردار کوہیار خان ڈومکی متحرک نوجوان رہنماء ہیں جو عوام کے مسائل کو حل کرنے میں فعال کردار ادا کریں گے اور اپنے والد مرحوم سردار سرفراز چاکر ڈومکی کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں گے۔صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان محمد فرید آفریدی نے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 8 سبی پر ضمنی انتخاب کا مرحلہ پرامن ماحول میں مکمل ہوگیا ، پولنگ کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا ۔ صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان محمد فرید آفریدی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں اور بہترین حکمت عملی کے نتیجے میں حلقے میں پرامن انتخابات کا انعقاد ممکن ہوا ۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر ، ریٹرننگ آفیسر ، تمام پولنگ اسٹاف ، ریجنل الیکشن کمشنر ڈسٹرکٹ ، الیکشن کمشنر سبی کی کاوشوں اور جانفشانی سے ڈیوٹی انجام دینے کے عمل کو بھی سراہا۔