بلوچستان کے عوام کو بنیادی حقوق تک میسر نہیں ،لیاقت بلوچ

19 نومبر ، 2024

کوئٹہ(پ ر)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کو بنیادی حقوق تک میسر نہیں ستر فیصد عوام پریشان غربت بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں بارڈر زبند کرکے نوجوانوں کو بے روزگار کرنے کا کوئی فائدہ نہیں بلکہ الٹابدامنی ،بے روزگاری ،غربت ،منشیات کے استعمال میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہاہے حکومت اورسیکورٹی ادارے حقوق کی فراہمی ،جان ومال کی حفاظت ،امن کی بحالی ،عوام اور اداروں کے درمیان فاصلے ودوریاں اورخلیج کم کرنے میں یکسر ناکام ہوئے ہیں سب کچھ دشمن پر نہیں ڈالا جاسکتا اپنوں کی غلطیوں غفلت وکوتاہی کا ذمہ دار دوسروں کو نہیں ٹھراسکتے ۔حکومت ،سیکورٹی اداروں مقتدرقوتوں کو اہل بلوچستان کے دل جیتنے ،حقوق کی فراہمی ،جان ومال کی حفاظت کیلئے فوری عملی اقدامات اُٹھانے ہوں گے ۔جماعت اسلامی امن کے قیام ،لاپتہ افرادکی بازیابی ،حقوق وانصاف ،روزگار اور ترقی کیلئے حقوق بلوچستان تحریک چلارہی ہے ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے دورہ بلوچستان کے دوران اجلاس سے خطاب ،وفودسے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا انہوں نے کہاکہ وسائل سے مالامال بلوچستان کے وسائل چند خاندان لوٹ رہے ہیں ۔حکومت کے غلط اقدامات سے نفرت ،مسائل ،بدحالی میں اضافہ ہورہا ہے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی ،بارڈرزکھولنے ،روزگار کی فراہمی کیلئے فوری عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔مسئلہ بلوچستان کو فوجی آپریشن اورپولیس گردی سے روکنا بہت بڑی غلطی ہے۔طاقت کے استعمال کی وجہ سے نفرت تعصب بدامنی میں اضافہ کیساتھ جانی ومالی نقصان میں بھی اضافہ ہواہے۔بارڈرزکو بند کرنے کی وجہ سے بھی عوام میں غم وغصہ کیساتھ بے روزگاری بڑھ رہی ہے جماعت اسلامی انشاء اللہ بلوچستان کے سلگتے مسائل،امن کا قیام ،امن کے نام پر عوام کوحقوق کی فراہمی عزت واحترام دینے،بھتہ خوری ،لوٹ مار ،بارڈر ٹریڈپر قبضہ ،ساحل ،شاہراہوں وچوکوں پر بھتہ خوری جیسے ظلم وجبر لاقانونیت کے خلاف جدوجہدکر رہی ہے بلوچستان کے بچے کب تک غائب اور معصوم عوام کب تک جنازے اُٹھاتے رہیں گے۔ جماعت اسلامی سب کو ساتھ ملاکر جائز حقوق کے حصول ،ترقی امن اور خوشحالی روزگار کیلئے تیار کریگی سب ملکر اخلاص نیک نیتی کیساتھ بلوچستان کوترقی اور امن کی کوشش کریں گے۔