ٹیکس چوری اوران کی معاونت کرنے والوں کوکیفرکردارتک پہنچا کررہیں گے،وزیراعظم

19 نومبر ، 2024

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ٹیکس نادہندگان کیخلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت گزشتہ روز معیشت کی صورتحال پر منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی ۔اجلاس میں وزارتِ خزانہ نے آئی ایم ایف کے وفد سے ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ٹیکس چوری کرنے والوں اور انکی معاونت کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر رہیں گے، ملکی معیشت کی ترقی تب ہی ممکن ہے جب سب اپنے حصے کی ذمہ داری پوری کریں،تمام شعبہ جات کو ٹیکس ادا کرکے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ملک معاشی استحکام کی جانب گامزن ہے،معیشت کی ترقی کیلئے اقدامات کی بدولت سٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان ہے،بیرونی سرمایہ کار حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ وزیرِاعظم نے ہدایت دی کہ عوامی ریلیف کو ہر دوسرے اقدام پر ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں،مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر 7 فیصد پر آگئی ،شرح سود 22 فیصد سے کم ہو کر 15 فیصد پر آگئی،جس سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے،ملکی برآمدات میں اضافہ اور ریکارڈ ترسیلاتِ زر کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا، زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے وزیرِ اعلی پنجاب اور پنجاب حکومت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔اجلاس کو معیشت کے اعشاریوں، مہنگائی کی موجودہ صورتحال، ٹیکس چوری اور انکی معاونت کرنے والوں اور انکے خلاف کارروائی سے بھی آگاہ کیا گیا۔