لبنان اوراسرائیل نے ہماری جنگ بندی کی تجویز کو قبول کیا، امریکہ

28 نومبر ، 2024

واشنگٹن(صباح نیوز )امریکا کے صدر بائیڈن نے اعلان کیا کہ امریکہ نے لبنان میں جنگ بندی کے معاہدے کو محفوظ بنانے میں مدد کی، جس سے اسرائیل اور ایران کے حمایت یافتہ عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کے درمیان لڑائی ختم ہو جائے گی۔ ان کا یہ اعلان اس وقت سامنے آیا جب اسرائیل کی کابینہ نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے زور پر جنگ بندی کی منظوری دی۔ جو بائیڈن نے وائٹ ہائوس کے ساتھ لان میں کہا کہ میں نے ابھی اسرائیل اور لبنان کے وزیر اعظم سے بات کی۔ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ان کی حکومتوں نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تباہ کن تنازع کو ختم کرنے کے لیے امریکہ کی تجویز کو قبول کر لیا ہے۔