پی ٹی آئی رابطے میں رہے تو ان کیلئے کردار ادا کرسکتا ہوں، فضل الرحمٰن

28 نومبر ، 2024

لاڑکانہ(آئی این پی) جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پرتشدد واقعات کی مذمت کرتا ہوں، پی ٹی آئی اگر رابطے میں رہے تو ان کے لیے کردار ادا کرسکتا ہوں۔لاڑکانہ میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں فضل الرحمٰن نے کچھی کینال منصوبے پر کہا کہ ہم سب ایک قوم اور ملک ہیں، معاملات اتفاق رائے سے ہونا ضروری ہے، ہماری جماعت روز اول سے صوبائی خودمختاری کی قائل ہے۔ صوبوں کے ساتھ مشاورت کر کے ہی ایسے معاملات پر اقدامات کرنا چاہیں اور کسی بھی صوبے کو احتجاج پر مجبور نہیں کیا جانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اگر رابطے میں رہے تو ان کے لیے کردار ادا کرسکتا ہوں مگر وہ رابطے میں مستقل نہیں رہتے۔ قیادت کی بات نہیں کررہا مگر کارکن اپنے نظریات اور قیادت سے مخلص ہوتا ہے، کارکن کے جذبات کو اعتدال کے راستے پر لانا اور صحیح سمت پر چالانا ہی ایک اچھے لیڈر کی نشانی ہوتی ہے۔