کیمبرج فار فلسطین کے ارکان نے یونیورسٹی بلڈنگ کے ایک حصے پر قبضہ کرلیا

28 نومبر ، 2024

لندن (سعید نیازی) غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کرنے والے کیمبرج یونیورسٹی کے طلبہ نے یونیورسٹی کی بلڈنگ کے ایک حصے پر قبضہ کرلیا۔ کیمبرج فار فلسطین کے ارکان نے یونیورسٹی کے انتظامی امور اور فنانشل آپریشنز نمٹانے والے گرینچ ہائوس پر قبضہ کیا ہے۔ قبضہ کرنے والے طلبہ نے دعویٰ کیا ہے کہ یونیورسٹی نے دفاع اور اسلحہ کی صنعت میں سرمایہ کاری کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ معاہدوں پر عمل نہیں کیا ہے۔ کیمبرج یونیورسٹی نے کہا ہے کہ پرامن حق کے احتجاج کو تسلیم کرتے ہیں لیکن عمارت پر قبضہ ناقابل قبول ہے۔ رواں برس مئی میں طلبہ نے کنگز کالج اور سینٹ ہائوس کیمبرج کے باہر احتجاجی کیمپ لگائے تھے ان کا یہ احتجاج ورکنگ کے معاہدے کے تحت ختم ہوا تھا جس میں یہ طے ہوا تھا کہ یونیورسٹی ڈیفنس انڈسٹری کیلئے ریسرچ فنڈ اور سرمایہ کاری کا جائزہ لے گی۔ طلبہ نے الزام لگایا ہے کہ یونیورسٹی طے شدہ معاہدے کے کچھ حصوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ گروپ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں جاری نسل کشی میں یونیورسٹی کی معاونت کو ختم کیا جائے اور یونیورسٹی عوامی سطح پر غزہ میں جاری قتل عام کی مذمت کرے۔