بھگوڑوں کا ہلاکتوں کا دعویٰ بے بنیاد ، معمولات زندگی بحال ہوچکا ، محسن نقوی

28 نومبر ، 2024

اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ31دسمبر کے بعد افغان شہری بغیر این او سی اسلام آباد کی حدود میں نہیں رہ سکیں گے، اسلام آباد میں رہنے کے خواہشمند افغان شہریوں کو ڈپٹی کمشنر سے این او سی لینا ہوگا، اسلام آباد کی سڑکیں کھول دی گئی ہیں، اسلام آباد میں معمولات زندگی بحال ہوچکا ہے، جب سے یہ بھاگے ہیں اس کے بعد لاشوں کا پروپیگنڈا شروع کیا گیا، ان کے لوگ صبح سے لاشوں کیلئے اسپتالوں کے چکر لگارہے ہیں، کل کسی ایک پولیس والے کے پاس اسلحہ دکھا دیں، اگر کل کوئی گولی چلی ہوتی تو یہ پوری دنیا میں واویلہ کردیتے، ان کو اپنی شرمندگی چھپانے کا موقع نہیں مل رہا، کل بھی کہا آج بھی کہتا ہوں کوئی ایک لاش دکھا دیں۔اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ہلاکتوں کا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، جب کہ صحافی وہاں خود موجود تھے اگر کوئی گولی چلتی تو ساری دنیا میں شور مچ جاتا، پی ٹی آئی والے خود پوری دنیا میں پھیلا دیتے ۔ پولیس اہلکاروں کو اسلحہ تو دیا ہی نہیں دیا گیا تھا، ان کے ہاتھوں میں ڈنڈے تھے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بھگوڑے کل جب سے وہاں سے بھاگے ہیں تو پروپیگنڈا شروع کر دیا کہ 33 لاشیں ایک اسپتال میں موجود ہیں، اگر کوئی مرا ہے تو ا س کا نام ہی بتا دیں، ہم نے جب پوچھا تو کسی اسپتال میں کوئی لاش نہیں تھی، ہمیں نام بتائیں، کون ، کس مقام پر مارا گیا، انہوں نے کہا کہ بعض لوگ پتھر لگنے سے زخمی ضرور ہوئے ہوں گے، پولیس اور فورسز کے اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں تاہم مظاہرین کی ہلاکتوں کا دعوی بے بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس مظاہرین پر آنسو گیس پھینک رہی تھی تو احتجاج کرنے والوں نے بھی شیل چلائے، ان لوگوں نے کتنے شیل چلائے وہ ہم بتا دیں گے، ہم تو کہتے ہیں کہ بھائی کون مارا گیا، اس کا نام ہی بتا دیں، ہم ہائی کورٹ میں مظاہرین کے حوالے سے جامع رپورٹ جمع کروائیں گے۔