ظالم حکومت نے ظلم کی ایک اور داستان رقم کردی، بیرسٹر سیف

28 نومبر ، 2024

پشاور(این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی اور ظالم حکومت نے ظلم اور بربریت کی ایک اور داستان رقم کی ہے، ماڈل ٹاؤن سانحہ کے بعد سانحہ ڈی چوک بھی جعلی حکومت کیلئے کلنک کا ٹیکہ بن گیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ ایسا ظلم کیا گیا ہے کہ جب تاریخ میں لکھی جائیگی تو قلم بھی کانپ جائے گا۔مشیر اطلاعات نے کہا کہ ظلم ہمیشہ خوفزدہ لوگ کرتے ہیں اور نہتے کارکنوں پر گولیاں برسانا خوفزدہ ہونے کا ثبوت ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہاکہ جعلی حکومت ظلم کرکے ہارگئی جبکہ پاکستان تحریک انصاف ظلم برداشت کرکے جیت گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ظلم اور تشددکے ذریعے عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا ۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو فوری طور پر سینٹ اور قومی اسمبلی کا اجلاس بلانا چاہئے۔