حساس مواقع پر احتجاج اچھی روایت نہیں، شرجیل میمن

28 نومبر ، 2024

کراچی (این این آئی)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اختلافات اور احتجاج کا وقت ہوتا ہے، حساس موقعوں پر احتجاج کی کال دینا اچھی روایت نہیں، خیبرپختوا کے وزیر اعلی اور بشری بی بی نے احتجاج کے دوران پوری سرکاری مشنری استعمال کی، پولیس کو یرغمال بنایا گیا، پولیس، رینجرز اور ایف سی کے جوانوں کو شہید کیا گیا پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ ان کو لاشیں ملیں جن پر وہ سیاست کر سکیں، وزیر داخلہ متحرک نظر آئے، عمدہ حکمت عملی سے انہوں نے پی ٹی آئی کی خواہش پوری ہونے نہیں دی۔ کراچی میں نیب کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بشری بی بی عمران خان سے بھی دو ہاتھ آگے نکلیں، انہوں نے عوام کو مروانے کی بھرپور کوشش کی، بشری بی بی اور خیبرپختونخواہ کے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کنٹینر پرکھڑے ہوکر بول رہے تھے کہ عمران خان کو ساتھ لے کرجائیں گے، لیکن جب پولیس نے کارروائی کی تو سب سے پہلے سی ایم کے پی اور بشری بی بی فرار ہوئیں۔