میڈیا اور صحافیوں پر حملے آزادی صحافت کی صریح خلاف ورزی ہے، چیئرمین پریس کونسل

28 نومبر ، 2024

اسلام آباد( صالح ظافر) پاکستان پریس کونسل (پی سی پی) کے چیئرمین نے منگل کے روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین کی جانب سے میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں، بشمول نیشنل پریس کلب (این پی سی)، اسلام آباد پر تشدد آمیز کارروائیوں کی سخت مذمت کی ہے۔چیئرمین ایم ارشد خان جدون نے ان واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں میڈیا اداروں اور صحافیوں پر حملوں کو آزادی صحافت اور صحافتی دیانت داری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ "کسی کو بھی کسی بھی صورت میں میڈیا پیشہ ور افراد یا اداروں کو دھمکانے یا نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔"اس حملے میں 50 سے 60 مظاہرین کے ایک گروپ نے نیشنل پریس کلب میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔ رپورٹس کے مطابق، انہوں نے گیٹ کو توڑنے کی کوشش کی، عملے کو ہراساں کیا، اور عمارت کی دیواریں پھلانگیں۔ خواتین صحافیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، اور اسلام آباد میں دیگر مقامات پر فرائض انجام دینے والے کئی صحافی زخمی ہوئے۔پی سی پی کے چیئرمین نے صحافی برادری کیساتھ کھڑے ہونے اور ان کی حفاظت اور عزت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔