وزیر داخلہ محسن نقوی کا F8ایکسچینج چوک انٹر چینچ منصوبے کا دورہ

28 نومبر ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف ایٹ ایکسچینج چوک انٹر چینچ منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ 31 دسمبر کو انٹر چینج کے انڈر پاس کو ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا اور فروری کے دوسرے ہفتے میں مکمل منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ منصوبے کو ہر صورت مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے احتجاج کے دوران بھی چوبیس گھنٹے کام جاری رکھنے پر کنٹریکٹر، سی ڈی اے اور ورکرز کو سراہا۔ انہوں نے کنٹریکٹر اور سی ڈی اے حکام کو اسی جوش و جذبے سے کام جاری رکھنے کی تلقین کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ جناح ایوینیو پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کیلئے ایف 10 چوک کو بھی سگنل فری بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ایف 10 چوک منصوبے کے لے آؤٹ پلان کا بھی جائزہ لیا اور پلان میں ضروری تبدیلیوں کی ہدایت کی۔