پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی کا اجلاس، بشریٰ بی بی کے کردار پر بحث

28 نومبر ، 2024
انصار عباسی
اسلام آباد : پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی نے بدھ کو پارٹی کی فیصلہ سازی میں بشریٰ بی بی کے کردار پر بحث کی اور سوال اٹھایا کہ عمران خان کے سنگجیانی پر دھرنے کے احکامات کی خلاف ورزی کس نے کی؟ کس نے احتجاجی ریلی کو ڈی چوک جانے پر مجبور کیا؟ کس کے فیصلے سے پارٹی کارکن جاں بحق ہوئے؟ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کور کمیٹی اور سیاسی کمیٹی نے علیحدہ اجلاس میں احتجاجی ریلی کے حوالے سے معاملات پر غور کیا اور دونوں فورمز پر پارٹی کے مختلف رہنمائوں نے بشریٰ بی بی کی جانب سے ادا کیے جانے والے کردار پر بحث کی۔ دونوں اجلاسوں میں حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے مبینہ جانی نقصان کی شدید مذمت کی گئی اور تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ان سوالات کی وجہ سے بشریٰ بی بی کی جانب سے ادا کیے گئے کردار پر سوال اٹھایا گیا، پی ٹی آئی کی دونوں کمیٹیوں کے اجلاس میں کسی نے بھی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا دفاع نہیں کیا۔ اس کے برعکس، یہ کہا گیا کہ فیصلہ سازی کا کام سیاسی قیادت کو کرنے دیا جائے، غیر سیاسی افراد کو نہیں۔