حکومت آلودگی ،تجاوزات خاتمے پر سمجھوتہ نہیں کر یگی، مریم اورنگزیب

30 نومبر ، 2024

لاہور (صباح نیوز)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت آلودگی اور تجاوزات کے خاتمے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر یگی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں انسداد سموگ آپریشن تیز کر دیا گیا ہے ، اس مہم کے تحت لاہور میں کئی اہم اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ سموگ کی شدت کو کم کیا جاسکے اور ماحول کو بہتر بنایا جا سکے۔ رپورٹ کے مطابق 139 عارضی تجاوزات ختم کر دی گئیں، 5 صنعتی یونٹس کو سیل کرتے ہوئے ان پر 3 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ سموگ رولز کی خلاف ورزی پر 40 دھواں دیتی گاڑیوں کے چالان کئے گئے۔ ان میں سے 7 گاڑیاں ضبط کرلی گئیں اور ان پر 80,000 روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔علاوہ ازیں 3 ملبہ ویسٹ سائٹس کا چالان کرتے ہوئے 12,000 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ شہر کی سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ اور ویٹ سویپنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ لاہور کے داخلی راستوں پر دھواں دینے والی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انہوں نے عوام کو تلقین کی کہ وہ اپنے ملک کو صاف اور سرسبز بنانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کریں، اپنے حصے کا درخت لگائیں اور قوانین کی مکمل پاسداری کریں۔