آزاد کشمیر پرائم منسٹر نیشنل مائنڈ سپورٹس انشیٹوپروگرام کاآغاز

30 نومبر ، 2024

مظفرآباد(این این ائی)وزیر تعلیم سکولز آزاد کشمیر دیوان علی خان چغتائی، چیف سیکرٹری داود محمد بڑیچ نے چئیرمین چیس فیڈریشن آف پاکستان حنیف قریشی کے ہمراہ آزاد کشمیر میں ʼʼپرائم منسٹر نیشنل مائنڈ سپورٹس انشیٹوʼʼ پروگرام کا فیتہ کاٹ کر آغاز کردیا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر راشد حنیف، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر ملک شوکت حیات خان، چئیرمین چیس فیڈریشن آف پاکستان حنیف قریشی، انٹرنیشنل چیس ٹرینر مس ریٹا اٹکنز اور انٹرنیشنل چیس چیمپئن مس انزل لانچر بھی موجود تھیں۔ محکمہ ایلیمنٹری اینڈ سکینڈری ایجوکیشن اور سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر کے زیر انتظام چس فیڈریشن آف پاکستان کی جانب سےFIDE EDU IN PERSON TRAINING کی لانچنگ سرمنی کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر تعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی نے آزاد کشمیر میں نیشنل مائنڈ پورٹس انشیٹو کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نصابی سرگرمیوں کیساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ آزاد کشمیر کے طلبہ کو نیشنل مائنڈ سپورٹس انشیٹو کے تحت سیکھنے کے مواقع فراہم کریں گے۔ انہوں نے چیس فیڈریشن آف پاکستان اور بین الاقوامی چیس ٹرینرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر داؤد محمد بڑیچ نے لانچنگ سرمنی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں مائنڈ سپورٹس انشیٹو کا آغاز خوش آئند ہے۔ آزاد کشمیر میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے یہاں کے بچے انتہائی ذہین ہیں جو بین الاقوامی سطح پر ہر قسم کے کھیلوں میں ملک کا نام روشن کریں گے۔ حکومت نوجوانوں کو مائنڈ سپورٹس کے مواقع فراہم کرنے کیلئے چیس فیڈریشن آف پاکستان کودرکار تعاون فراہم کرے گی۔ اس سے پہلے بین الاقوامی اور قومی چیس ماسٹرز نے آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں سے شریک 40 سے زائد طلبہ کے ساتھ شطرنج کھیلی اور ان کی رہنمائی بھی کی۔ بیکن ہاوس مظفرآباد سے آٹھویں گریڈ کے ہونہار بچے حذیفہ نعمان اور ابراہیم عامر نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے شطرنج کی بازی اپنے نام کی۔وزیر تعلیم سکولز دیوان علی خان چغتائی، چیف سیکرٹری داود محمد بڑیچ نے ٹریننگ میں شریک بچوں کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے تاثرات لئے۔ چئیرمین چیس فیڈریشن آف پاکستان نے نیشنل مائنڈ سپورٹس انشیٹو پروگرام جبکہ انٹرنیشنل ٹرینر مس ریٹا اٹیکنز نے چیس کھیل کی تعلیم اور ضرورت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔