ہٹیاں بالا:اوورلوڈنگ کر نے والی گاڑیوں کو بھاری جرمانے

30 نومبر ، 2024

ہٹیاں بالا(نمائندہ جنگ) گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سید اشفاق گیلانی اور ایس پی جہلم ویلی مرزا زاہد حسین کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ہٹیاں بالا کامران خان، ڈسٹرکٹ ٹریفک انچارج میرخلیل نے چناری حیدر بیلی برج پر ناکہ لگا کر چناری کی طرف آنے والی کھٹارا، زائد کرایہ، اوورلوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروں کو بھاری جرمانے کئے، دوران چیکنگ تقریباً پچاس سے زائد گاڑیوں کے مالکان کو بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑا جن میں سے پانچ گاڑیوں کو فٹنس نہ ہونے کے باعث ضبط کیا گیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ہٹیاں بالا کامران خان نے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح اور ذمہ داری ہے جس کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا، ٹرانسپورٹرز اپنا قبلہ درست کرلیں کھٹارا گاڑیوں کو سڑکوں پر لانے سے گریز کیا جائے انسانی جانوں سے کسی کو کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، اسسٹنٹ کمشنر کامران خان اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آئی جہلم ویلی میر خلیل نے زائد کرائے وصول کرنے والے ڈرائیوروں سے گاڑیوں میں سوار مسافروں کو زائد کرائے واپس بھی کروائے جس پر عوام نے انتظامی آفیسران کی کارکردگی کو سراہاتے ہوئے کارروائیاں جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔