دیرینہ تنازع کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے،میر واعظ

30 نومبر ، 2024

سرینگر(این این آئی)غیر قانونی طورپربھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ تنازعہ کشمیر کوطاقت کے وحشیانہ استعمال کی بجائے صرف مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیاجاسکتا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ نے سرینگر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے مذاکرات کے ذریعے پر امن حل کیلئے سنجیدہ اور مخلصانہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں کشمیر اسمبلی کے انتخابات کے بعد نئی حکومت قائم ہو چکی ہے، لیکن مودی حکومت نے مقامی انتظامیہ کے اختیارات کو محدودکردیا ہے۔انہوں نے مودی حکومت پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے بارے میں اپنی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی کا از سر نو جائزہ لے۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ دہائیوں بعد بھی مقبوضہ علاقے میں بے یقینی کی صورتحال اور خونریزی جاری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کاپر امن حل اور جاری ظلم و تشدد سے نجات چاہتے ہیں ۔انہوں نے بھارت اور پاکستان دونوں پر زور دیا کہ وہ اعتماد سازی اور قیام امن کی غرض سے سازگار ماحول پیدا کرنے کیلئے تجارتی راستوں کو دوبارہ کھولیں اور رابطوں کو بہتر بنائیں ۔انہوں نے کہاکہ اعتماد سازی کے اقدامات سے بہت سے کشمیری خاندانوں کو سہولت فراہم ہوئی تھی اس عمل کو بحال کیاجاناچاہیے ۔انہوں نے واضح کیاکہ کشمیری قیادت بات چیت کیلئے تیار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت بھی تنازعہ کشمیر کا مذاکرات کے ذریعے پر امن حل چاہتی ہے۔