عالمی برداری فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرانے کیلئے اقدامات کرے،حریت کانفرنس آزاد کشمیر

30 نومبر ، 2024

اسلام آباد (اے پی پی) کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کیلئے منائے جانیوالی عالمی دن کے موقع پر فلسطینی عوام کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کیاہے۔ حریت کانفرنس آزادکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں اقوام عالم ،امت مسلمہ ،انسانی حقوق کی بین االاقوامی تنظیموں اورمہذب اقوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صیہونی فورسز کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی بند کرانے کیلئے اقدامات کریں ۔انہوں نے فلسطینیوں کے ساتھ بھرپوریکجہتی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے تاریخ کی بدترین ریاستی دہشتگردی کرتے ہوئے گزشتہ ایک سال کے دوران 80ہزار سے ٹن سے زائد بارود غزہ اور فلسطین پر برسا کر تقریبا پورے غزہ کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ اسرائیلی بمباری میں 44ہزار سے زائد افراد شہید اورایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ شہدا میں 30ہزارزائد بچے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم دنیا کے رہنمائوں کو فلسطینی اور کشمیری عوام کو نسل کشیُ رکوانے کیلئے کرداراداکرنا ہوگا۔