منصوبوں کی بروقت تکمیل ضروری،کوتاہی کسی طور برداشت نہیں کی جائےگی،وزیراعظم آزاد کشمیر

30 نومبر ، 2024

راولپنڈی (جنگ نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح موجودہ حکومت کا مشن ہے۔ دارالحکومت ریاست کا چہرہ ہے۔ شہر کی خوبصورتی کے لیے متعلقہ حکام کو سنجیدگی کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے مظفر آباد شہر کا اچانک دورہ کیا۔ دورہ کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے شہر کے مختلف منصوبہ جات پر جاری کام کا معائنہ کیا۔انہوں نے شہر کی مختلف پبلک پلیسیز اور چلڈرن پارکس کا معائنہ بھی کیا اور انتظامیہ کو ناجائز تجاوزات کے خاتمہ سمیت عوام کی سہولت کے لیے لاری اڈوں اور پبلک پارکس کے انتظامات کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے پرانا بس اسٹینڈ، سی ایم ایچ فلائی اوور، ماکڑی چلڈرن پارک، ماکڑی انٹک وئیر اور لاری اڈاہ بیلا نور شاہ کا اچانک دورہ کیا۔انھوں نے کہا کہ منصوبہ کی بروقت تکمیل کی جائے، کوتاہی کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر و وزیر داخلہ کرنل (ریٹائرڈ) وقار احمد، وزراء حکومت راجہ فیصل ممتاز راٹھور، سردار جاوید ایوب، چوہدری اظہر صادق، پیر محمد مظہر سعید شاہ، عبدالماجد خان، میاں عبدالوحید خان، اکمل سرگالا، چوہدری اکبر ابراہیم، سردار عامر الطاف اور انتظامیہ کے افیسران بھی وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے ہمراہ تھے۔