قابض بھارتی فوج کاکشتواڑ میں کشمیریوں پرظلم وتشدد،کئی افراد معذور

30 نومبر ، 2024

جموں (کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں پر فوجی کیمپ میں طلب کرکے انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور لوگوں کو خبردار کیا گیا کہ وہ اس بارے میں خاموشی اختیار کرکے کسی سے بھی کوئی شکایت نہ کریں، برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق سرینگر سے شمال مغرب کی جانب 210 کلومیٹر دور کشتواڑ ضلع کے لوگوں کا کہنا ہے کہ پہاڑی گاوں کوہاٹ کے چار شہریوں کو انڈین فوج نے گذشتہ ہفتے فوجی کیمپ میں طلب کیا جس کے بعد دیر شام انھیں نیم مردہ حالت میں رہا کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر شدید عوامی اور سیاسی ردعمل کے بعد جموں کے نگروٹہ میں مقیم بھارتی فوج کی 16 ویںکور نے ایکس پر لکھا کہ آپریشن کے دوران عام شہریوں کیساتھ زیادتیوں کا مبینہ واقعہ کشتواڑ سیکٹر میں پیش آیا۔ حقائق جاننے کیلئے تحقیقات شروع کی گئی ہیں اور اس کیلئے مزید ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ واضح رہے کہ نومبر کے شروع میں کشتواڑ میں ہی مسلح عسکریت پسندوں کے دوالگ الگ حملوں میں ویلیج ڈیفنس گارڈ کے دو اہلکار اور ایک فوجی افسر مارے گئے تھے۔