پاکستان اور کشمیرکو کوئی طاقت ایک دوسرے سے الگ نہیں کرسکتی، قاسم نون

30 نومبر ، 2024

مظفرآباد/اسلام آباد(آئی این پی)چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ پاکستان اور کشمیری یک جان و دو قالب ہیں دنیا کی کوئی طاقت ہمیں ایک دوسرے سے الگ نہیں کرسکتی۔ کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔امریکا اور یورپ میں مقیم کشمیری وفد نے سردار زبیر خان کی قیادت میں چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون اور سردار فتح اللہ خان میاں خیل چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی ڈیفنس سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ڈائس پورہ وفد نے چیئرمین کشمیر کمیٹی سے ملاقات میں مسئلہ کشمر سے متعلق اپنی خدمات اور بھرپور تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے دو ہزار پچیس کی پہلی سہہ ماہی میں کشمیر کانفرنس منعقد کرنے کی تجویز دی جس میں دنیا بھر میں مقیم کشمیر کیلئے کام کرنے والے افراد کی شرکت کو یقینی بنائی جائے۔ سردار زبیر خان اور سردار ذوالفقار خان کا کہنا تھا کہ ڈائس پورہ نے مسئلہ کشمیر کیلئے ہمیشہ سے اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ کرتا رہے گا۔