مقبوضہ کشمیر،قابض انتظامیہ نے 13کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لیں

30 نومبر ، 2024

جموں(این این آئی)مقبوضہ کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں مودی کی بھارتی حکومت نے کالے قوانین کے تحت کشمیریوں کی سیاسی آواز کو دبانے کیلئے انکی املاک پر قبضے کی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے متعدد کشمیریوں کی جائیدادیں ضبط کر لی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس حکام نے ایک کریک ڈائون آپریشن کے دوران کشتواڑ میں 13آزادی پسند کشمیریوں کی جائیدادوں کو ضبط کرلیا ہے۔ یہ تازہ ترین اقدام اگست 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے کشمیریوں کی املاک پر قبضے کی مودی حکومت کی جاری مہم کا حصہ ہے ۔ ناقدین کے مطابق مختلف حیلے بہانوں سے کشمیریوں کی املاک اور جائیدادوں پر قبضے کا مقصد مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔ ایک منظم طریقے سے کشمیریوں کو ان کی زمینوں اور گھروں سے بے دخل اورغیر کشمیری ہندوئوں کو مقبوضہ علاقے میں آباد کیا جارہا ہے۔ اس سے قبل کشتواڑمیں ہی 36حریت پسندوں کشمیری نوجوانوں کو بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی ایک عدالت نے مفرور قرار دیا تھا۔ ان میں سے متعدد کی جائیدادیں ضبط کر لی گئی ہیں۔