جامعہ گوادرکے پرووائس چانسلر اورچیئرمین جی پی اے کی چین میں منعقدہ مکالمہ میں شرکت

30 نومبر ، 2024

گوادر(خ ن)پاکستان چین صنعت و تعلیم تعاون ایجنڈے پر ایک اہم مکالمہ چین کے شہر جینان میں ہوا جس میں پرو وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی و ایگزیکٹو ڈائریکٹر پاکستان چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر منظور احمد اور چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی پسند خان بلیدی نے شرکت کی اس موقع پر علمی اور صنعتی دنیا کے ممتاز رہنماؤں نے بھی مکالمہ میں شرکت کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر منظور احمد اور پسند خان بلیدی نے چین کے اعلیٰ تعلیمی اداروں شینڈونگ انسٹی ٹیوٹ آف کامرس اینڈ ٹیکنالوجی، بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ مینجمنٹ، شینڈونگ اربن کنسٹرکشن ووکیشنل کالج اور شینڈونگ ووکیشنل اینیمل سائنس اینڈ ویٹرنری کالج کیساتھ معاہدے کئے۔ یہ معاہدے لوبہ موزی کالج کے قیام کی راہ ہموار کرتے ہیں، جو پاکستان اور چین کے درمیان علمی، تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ کیلئے ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔لوبہ موزی کالج کے قیام کا مقصد جدید تحقیق، تکنیکی تربیت اور معیاری تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ یہ ادارہ گوادر میں صنعت اور تعلیمی شعبے کے درمیان خلا کو ختم کرنے کا ایک اہم مرکز ہوگا۔