پیپلزپارٹی نے ملک وقوم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا،غزالہ گولہ

30 نومبر ، 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی و پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ بلوچستان کی صدر غزالہ گولہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی غریب و مزدور طبقے کی جماعت ہے جس نے ملک اور قوم کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے ، پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے لوگوں کو بولنے کی ہمت ، محروم و محکوم طبقات کو سر اٹھا کر جینے کا حوصلہ دیا ، بھٹو کے جیالے آج بھی اپنے شہید قائدین کے اصولوں و نظریات پر قائم ہیں ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو بلوچستان اسمبلی میں اپنے چیمبر میں پارٹی کے یوم تاسیس کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر پروین مینگل ، سکینہ عبداللہ ، صباء کاکڑ ، ناز میروانی نے بھی خطاب کیا۔ڈپٹی اسپیکرالہ گولہ نےپارٹی کارکنوں کو پارٹی کے 57 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی قائد شہید بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت ، 1973 کا آئین اور عوام کو ووٹ کا حق دلایا جبکہ شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی دئے کر ملک کا دفاع ناقابل شکست بنایا جبکہ آصف علی زرداری نے صوبوں کو خودمختیاری دے کر ملک میں اصل جمہوریت قائم کی۔