پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس آج جوش و جذبے سے منائینگے‘ علی حسن

30 نومبر ، 2024

حب (پ ر) بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے اگر کسی نے عملی اقدامات اٹھائے تو وہ پاکستان پیپلزپارٹی ہی ہے حب سمیت بلوچستان بھر میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت ہے اور بلوچستان پیپلز پارٹی کا مضبوط قلعہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی مشیر برائے صنعت و حرفت میر علی حسن زہری نے پیپلز پارٹی کے 57 ویںیوم تاسیس کے حوالے سے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ جیالے آج پارٹی کا یوم تاسیس جوش و جذبے سے منائیں گے اوراس سلسلے میں پارٹی کے 57 ویں یوم تاسیس پر ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ، اس سلسلے میں حب میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا براہ راست خطاب ہوگاجس میں عوام اور جیالے بھرپور شرکت کریں گے۔پاکستان پیپلز پارٹی میں عوامی شمولیت کا سلسلہ مخالفین کو منہ توڑ جواب ہے۔ میر علی حسن زہری نے مخالفین کو آگاہ کیا کہ پیپلز پارٹی اور ہمارے خلاف منفی ہتھکنڈے کامیاب نہیں ہوں گے اورعوام کے لئے ہم نے جس مشن کا آغاز کیا ہے وہ کامیابی سے جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی کاوشوں سے ضلع حب ترقی و خوشحالی کی جانب تیزی سے گامزن ہے اور پارٹی کے 57 ویں یوم تاسیس کے موقع پر صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کا حب گڈانی کے عوام کے لئے ایک اور تحفہ گڈانی شپ بریکنگ کی فعالیت کی منظوری ہے ۔ایکنک اجلاس میں گڈانی شپ بریکنگ کے لئے 12.8 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے ۔منصوبے کی تکمیل سے گڈانی کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہو گی ۔