خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی نہیں،سیکٹرکمانڈرکی حکومت ہے،اسعد محمود

30 نومبر ، 2024

سکھر، جیکب آباد (این این آئی) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی نہیں،سیکٹرکمانڈرکی حکومت ہے،اسٹبلشمنٹ سہارا نہ دے تو وفاقی اورصوبائی حکومتیں اپنے ہی بوجھ سے گرجائیں گی،سکھر میں خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے رہنما نے کہاکہ 2024 کے الیکشن کے نتائج آنے کے بعد انکشاف ہوا کہ پی ڈی ایم میں شامل ہمارے دوست جمہوریت کیلئے نہیں صرف اسٹبلشمنٹ کی قبولیت کیلئے کردار ادا کر رہے تھے، قوم جانتی ہے کس طرح انتخابی نتائج بدل کر یہ حکومتیں بنائی گئی ہیں، اگر اسٹبلشمنٹ اور فوج موجودہ حکومتوں کو سہارا نہ دیں تویہ حکومتیں اپنے بوجھ سے گر جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان حکومتوں کو گرا کر دم لیں گے، ایسی حکومت کیوں بناتے ہو جو تمہارے لئے خود بوجھ بن جاتی ہیں، بلوچستان، کے پی کے اور سندھ کے لوگ بھوک افلاس، بد امنی کی وجہ سے مر رہے ہیں، وہاں کی حکومتیں کچھ کرنے کو تیار نہیں کیوں کہ وہ جانتے ہیں وہ حقیقی نمائندے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں اسٹبلشمنٹ نے اپنے کارندے کو وزیر اعلیٰ بنایا ہے،وہاں تحریک انصاف کی نہیں، سیکٹر کمانڈر اور کور کمانڈر کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سولا ماہ شہباز شریف کے ساتھ ملک کی خدمت کی، وہ شریف آدمی ہے وہ بھی جبر کی بنیاد پر وزیر اعظم بنا ہے وہ اپنی مرضی سے وزیر اعظم نہیں بنا۔