کراچی(این این آئی) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی فلسطینی عوام کے کاز اور ان کے خودمختاری کے حق کی حمایت کرتی رہے گی۔انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ فلسطینی عوام کی آزادی اور خودمختاری کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیا ہے، شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو نے عالمی سطح پر فلسطینی حقوق کے لیے ہمیشہ آواز اٹھائی۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں جاری مظالم بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی ادارے اسرائیلی مظالم کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ انہوں نے کہاکہ غزہ میں فوری طور غیرمشروط جنگ بندی کا اعلان کرکے قابض فوج کو باہر نکالا جائے، غزہ میں محصورجنگ متاثر عوام کے لیے غیرمشروط طور امدادی سرگرمیاں بحال کی جائیں۔