پاکستان کے عوام اور پارلیمان فلسطینی بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں، ایاز صادق

30 نومبر ، 2024

اسلام آباد (این این آئی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اور پارلیمان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتے ہیں، اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔عالمی یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پراپنے پیغام میں سردار ایاز صادق انہوں نے فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت و ریاستی دہشتگردی کی مذمت کی اور کہا کہ فلسطین میں گزشتہ سال سے جاری اسرائیلی فسطائیت سے 44 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں،شہداء میں معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کی کثیر تعداد شامل ہے، اسرائیلی جارحیت کے دوران ایک لاکھ افراد زخمی اور لاکھوں بے گھر ہو چکے ہیں، فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی پر عالمی برادری کی خاموشی نا قابل فہم ہے، عالمی برادری فلسطین میں جاری نسل کشی اور جبری نقل مکانی کو روکنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے، خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے مسئلہ فلسطین کا حل ناگزیرہے۔