ترک حمایت یافتہ جنگجو پھر حلب میں داخل ، شامی فوج سے لڑائی، 255 ہلاک

30 نومبر ، 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)شام کے شمال مغربی حصے میں ترک حمایت یافتہ جنگجوؤں حلب میں داخل ، شامی حکومتی فورسز کے درمیان جاری جھڑپوں میں255افراد ہلاک ہو گئے، جاں بحق 254 افراد میں 179جنگجو اور شامی افواج اور ان کے اتحادیوں کے75ارکان شامل ہیں۔ شامی اور روسی جنگی طیاروں نے گزشتہ روز ادلب کے ارد گرد باغیوں کے انکلیو پر شدید فضائی حملے کیے، جب کہ جہادیوں اور ان کے ترک حمایت یافتہ اتحادیوں نے دوسرے شہر حلب پر اچانک حملہ کیا۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ روسی اور شامی فضائیہ نے ادلب پر23 حملے کیے ۔ شام میں مسلح دھڑوں نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ انہوں نے حلب شہر کے قریب واقع تحقیقی مرکز کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔عرب میڈیا کے مطابق،سیریئن آبزرویٹری نےبتایا کہ مسلح دھڑوں کے ارکان حلب کے مضافات میں پہنچ گئے۔ سیریئن آبزرویٹری نے مزید کہا کہ مسلح دھڑوں نے حلب اور ادلب کے دیہی علاقوں میں 50 قصبوں کا کنٹرول سنبھال لیا اور وہ حلب کی طرف جانے والی سڑکوں کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں۔آبزرویٹری نے تصدیق کی ہے کہ جھڑپیں حلب شہر سے 5 کلومیٹر جنوب میں ہوئیں۔ جھڑپوں کے بڑھتے ہی حلب میں نقل مکانی بھی ہوئی۔شام کی خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ اس سے قبل حلب میں یونیورسٹی سٹی کے کیمپس کو نشانہ بنانے والے مسلح عناصر کے حملے میں 4 شہری ہلاک ہو گئے تھے۔سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق ھیئہ تحریر الشام اور اس کے اتحادی دھڑوں نے شمال مغربی شام میں حکومتی فورسز کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے شروع کر کیے ۔ شامی فورسز نے گزشتہ روز حلب شہر پر بمباری کی۔آبزرویٹری کے مطابق ،حیات تحریر الشام اور اس کے اتحادی دھڑوں نے حلب شہر میں ایک یونیورسٹی کی رہائش گاہ پر بمباری کی۔ ایک طالب علم زخمی ہوا اور ایک رہائش گاہ کو بڑا نقصان پہنچا۔2011 کے بعد سے شام نے ایک خونریز تنازع شروع ہے۔ اس لڑائی میں 5 لاکھ سے زیادہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ بنیادی ڈھانچہ تباہ ہوچکا ہے۔ ملک کے اندر اور باہر لاکھوں لوگوں نے نقل مکانی کی ہے۔