پاکستان فلسطینیوں کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا‘ سینیٹر ثمینہ

30 نومبر ، 2024

اسلام آباد (پ ر) چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان فلسطینی عوام کی آزادی اور حق خود ارادیت کے لئے جائز جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ عالمی برادری فلسطین میں اسرائیل کے مظالم کو فوری طور پر روکنے کے لئے فیصلہ کن کارروائی کرے اور غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کی جائے۔ انہوںنے کہا کہ آزاد ریاست فلسطینیوں کا بنیادی حق ہے اور اس حق کے حصول کے لئے مسلم ممالک کو آزاد ریاست فلسطین کے قیام کے لئے بھرپور آواز اٹھانی چاہئے ۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے جبر و ظلم میں حالیہ دنوں میں خوفناک حد تک اضافہ ہوا ،لیکن عالمی برادری کی بے حسی پر ہر آنکھ خون کے آنسو رو رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقوام عالم اور دیگر تنظیمیں مشرق وسطیٰ میں حالیہ جاری اسرائیلی جارحیت کو لگام دینے اور فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ ومسئلے کا دیرپا حل نکالنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنے فلسطینی بھائیوں کی غیر مشروط حمایت کی اور آزاد فلسطین کے قیام تک یہ جدوجہد جاری رہے گی ۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر عالم اسلام کو مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لئے مکمل لائحہ عمل ترتیب دینا چاہئے تاکہ یہ دیرینہ مسئلہ حل ہو سکے اور فلسطینی مسلمان ایک آزاد اور خود مختار ریاست میں امن و سکون سے رہ سکیں ۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی بربریت کو لگام دینے اور نہتے لاچار فلسطینی شہریوں کے لئے آواز اٹھائیں اور عرصہ دراز سے حل طلب مسئلہ فلسطین کے لئے حقیقی طور پر موثر کردار ادا کریں۔