پاکستان کا اسرائیل کے حوالے سے موقف واضح ہے‘ جمال شاہ

30 نومبر ، 2024

کوئٹہ(پ ر) پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ورکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہاہے کہ مسئلہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح ہے ،عالمی برادری اسرائیلی مظالم کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، اسرائیل کی بین الاقوامی قوانین کی مسلسل خلاف ورزیاں عالمی امن کیلئے خطرہ ہیں ،اقوام متحدہ سمیت دنیا کو فلسطین کا حق خود ارادیت تسلیم کرنا چاہئے ۔فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں انہوں نے کہاکہ اسرائیل کی جانب سے فلسطین پر جارحیت اور ظلم کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے ،اسرائیلی افواج کے ہاتھوں بچوں خواتین اور معصوم فلسطینیوں کا قتل عام عالمی برادری کا انسانی حقوق کے دعوئوں سے متعلق سوالیہ نشان ہے ،اقوام متحدہ میں وزیراعظم شہبازشریف نے جس انداز میں فلسطین کامقدمہ پیش کیا وہ قابل تحسین ہے ۔