معاشرے میں تبدیلی لانے کیلئے میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے‘ رحمت بلوچ

30 نومبر ، 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین رحمت صا لح بلوچ نے کہا ہےکہ میڈیا معاشرے میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،یہ بات انہوں نے قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے اجلاس میں کہی، کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز چیئرمین رحمت صالح بلوچ کی صدارت میں صوبائی اسمبلی میں ہوا جس میں کمیٹی ارکان ڈاکٹر محمد نواز کبزئی ، سنجے کمار ، صفیہ بی بی ، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ ، اسپیشل سیکرٹری اسمبلی عبدالرحمٰن اور ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان محمد نور کھیتران نے شرکت کی ۔چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ فیک خبریں روکنے کے لئے محکمہ میں ایک مناسب میکانزم ہونا چاہئے۔ میڈیا معاشرے میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ میڈیا خاص طور پر سوشل میڈیا معاشرے میں تبدیلی لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، یہ لوگوں کو حالات سے آگاہ کرنے، ان کی رائے تشکیل دینےاور معاشرے میں تبدیلی لانے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔انہوں نےکہا کہ میڈیا کے ذریعے ہمیں اپنے خیالات کو پھیلانے، اپنی آواز پہنچانے اور اپنے حقوق کے لئےجدوجہد کا موقع ملتا ہے، میڈیا کی مدد سے معاشرے کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کر سکتے ہیں۔