سیاسی عدم استحکام خزانے کو بھاری نقصان پہنچا رہا ہے‘ سینیٹر عبدالقادر

30 نومبر ، 2024

اسلام آباد (پ ر )چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے بیان میں کہا ہے کہ ایف بی آر تفویض کردہ ہدف کے حصول میں بڑے شارٹ فال کی جانب بڑھ رہا ہے، ایف بی آر نومبر تک محصولات جمع کرنےکا مجموعی ہدف 1003 ارب کے مقابلے میں صرف 700 ارب روپے اکٹھے کر سکا، اگر ایف بی آر کو 160 ارب روپے کا شارٹ ہوگا تو پہلے چار ماہ کے دوران ہونے والے 189 ارب روپے کے شارٹ فال کو مدنظر رکھتے ہوئےپانچ ماہ کے مجموعی شارٹ فال کی رقم 349 ارب روپے تک پہنچ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اب یہ دیکھنا باقی ہے کہ حکومت مطلوبہ ٹیکس وصولی کے ہدف کو پورا کرنے میں بڑھتے ہوئے خسارے کے پیش نظر آئی ایم ایف کو کس طرح مطمئن کرے گی۔ بھرپور کوششوں کے باوجود ایف بی آر زیادہ سے زیادہ 840 سے 850 ارب روپے اکٹھے کر سکتا ہے، اس لئے متوقع خسارہ 150 سے 160 ارب روپے سے زیادہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن اور پی ٹی آئی کے احتجاجی کال کے نتیجے میں معاشی سرگرمیوں کے رکنے کی وجہ سے ریونیو خسارہ مزید بڑھ گیا ،پہلے اندازہ تھا کہ ایف بی آر کو 100 ارب روپے کا خسارہ ہوگا، لیکن اب ایسا لگتا ہے کہ خسارہ 160 ارب روپے تک پہنچ جائے گا۔