فرائض کی انجام دہی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی‘ سردار کھیتران

30 نومبر ، 2024

کوئٹہ(خ ن)صوبائی وزیر سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے محکمہ پی ایچ ای اور بارکھان کی ضلعی انتظامیہ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی منظوری، ان پر عملدرآمد اور مقررہ مدت کے اندر منصوبوں کی تکمیل کے سلسلے میں اپنے اپنے حصے کی ذمہ داریاں بروقت پوری کرنے کی ہدایات دی ہیں تاکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا بلاتاخیر فائدہ عوام کو پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی منظوری اور ان پر عملدرآمد کے لئے محکموں، اداروں اور انتظامیہ کی ذمہ داریاں متعین ہیں اور ان ذمہ داریوں کو بطریق احسن نبھانا متعلقہ محکموں کے حکام کے فرائض منصبی میں شامل ہے جن کی انجام دہی میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام پر واضح کیا کہ کسی بھی حلقے میں عوام کے فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عملدرآمد میں تاخیر یا کوتاہی کی شکایت موصول ہونے پر متعلقہ ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ متعلقہ حکام سے ٹیلیفونک رابطہ کے دوران انہوں نے مذکورہ حلقے میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ بعض منصوبوں پر عملدرآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے ان منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائینز کے مطابق پیشرفت یقینی بنانے کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کئے۔