خوشحال مستقبل کیلئے فیصلہ کن جدوجہد کرنی ہوگی‘ خوشحال کاکڑ

30 نومبر ، 2024

کوئٹہ (پ ر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے پشتونخوا ایس او کی زونل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پشتونخوا ایس او کے زونل آرگنائزر لطیف کاکڑ، آرگنائزنک کمیٹی کے ارکان اورکارکنوں کو کامیاب وتاریخی کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ پشتونخوا ایس او روشن فکر، وطنپال اور بہادر نوجوانوں کی تنظیم ہے جس نے 1970 کے بعد پشتونخوانیپ پھر 1986 میں پشتونخواملی عوام اتحاد پھر پشتونخوا میپ اور اب پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی رہنمائی میں پشتون قومی تحریک میں انتہائی اہم اور پرافتخار کردار ادا کیا ہے۔ 1987 میں ملی شہید عثمان خان کاکڑ پشتونخوا ایس او کے سیکرٹری اول منتخب ہوئے اور خورشید کاکاجی، جہانگیر مومند، عیسیٰ روشان اور قادر آغا ان کی کابینہ کے ارکان تھے، پشتونخوا ایس او نے ہر دور میں قومی تحریک کو باصلاحیت اور باکردار کیڈرز اور رہنما فراہم کئے جنہوں نے پشتون قومی سیاسی تحریک میں تاریخی کردار ادا کیا ۔ملی شہید عثمان کاکڑ، شہیدعبدالرحیم کلیوال ، شہید اسلم اولس یاراور ظریف شہید پشتونخوا ایس او کے رہنما تھے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن اور آزاد افغانستان پر آباد تمام پشتون افغان ملت کو تاریخ کی بدترین بدامنی، دہشتگردی، تباہ حالی اور بربادی کی صورتحال کا سامنا ہے، اپنے وطن میں ہمارے عوام کو جان ومال، عزت وناموس کو تحفظ حاصل نہیں، قدرت کے وسائل سے مالامال وطن کے عوام بے روزگاری اور غربت کی اذیت ناک حالات سے دوچار ہیں، حالانکہ ہمارا وطن تہذیبوں اور علوم و فنون کا مرکز رہا ہے، ہمارے نوجوانوں نے سیاسی جدوجہد اور علم وہنر کی طاقت سے اذیت ناک قومی محکومی کا خاتمہ کرنا ہوگا اور اپنے خوشحال مستقبل کیلئے فیصلہ کن جدوجہد کرنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور پنجاب میں آباد کروڑوں پشتونوں کو بنیادی شہری حقوق حاصل نہیں ،حکمرانوں نے لاکھوں افغانوں کو افغانستان ہجرت کرنے پر مجبورکیا اور افغان کڈوال عوام کو چار دہائیوں تک پاکستان کے مراکز سے افغانستان کے خلاف استعمال کیا اور اب افغانوں کی جبری بے دخلی کے ناروا اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔